پشاور: (ویب ڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے اصولوں پر عمل کر کے ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔
جشن آزادی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قوم تحریک پاکستان کے دوران ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے جن کے نتیجے میں برصغير کے مسلمانوں کو علیحدہ مملکت نصیب ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں کی انتھک سیاسی اور جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں آیا، ہمیں ان لوگوں کی قربانیوں کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیے جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنا یوم آزادی انتہائی وفاداری اور قومی جوش و جذبے کے تحت ملک کی خدمت کے لیے نئے عزم اور لگن کے ساتھ مناتی ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے’’اتحاد، ایمان اور تنظیم‘‘ کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہو کر کامیابی کی بلندیوں کو چھو سکتا ہے۔