کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم آزادی پر پیغام میں کہا کہ آئیں! دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کا عہد کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کا 77 واں یوم آزادی پوری قوم کو مبارک ہو، 14 اگست کا دن تاریخ میں بڑی اہمیت کا حامل ہے، اور ہم سب کے لئے انتہائی مسرت کا دن ہے، چودہ اگست برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک بڑی نوید ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے عظیم قائدین نے بڑی محنت و قربانیوں کے بعد اس وطن عزیز کو حاصل کیا ہے، ہمیں اسے مزید خوب سے خوب تر بناناہے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، بھائی چارے کی عظیم مثال قائم کرنی ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم صوبے کے عوام کی سہولت کے لئے بڑی سکیمیں متعارف کرا رہے ہیں، ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، پوری قوم 14 اگست کی اہمیت کو سمجھتی ہے، یہ ہمارا قومی تہوار ہے اور ہم اسے پورے جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب بھائی بھائی ہیں، یہاں اقلیت و اکثریت کی کوئی تمیز نہیں، ہم اپنے قائدین کے نقش قدم پر چل کر اسے دنیا کی بلندیوں پر پہنچائیں گے، پوری قوم کو یوم آزادی بہت بہت مبارک ہو۔