جشن آزادی پر عہد کریں ترقی کیلئے کام کرینگے، ملک کو خوشحال بنائیں گے: صدر مملکت کا پیغام

Published On 13 August,2024 11:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ جشن آزادی پر عہد کریں کہ عوامی ترقی کیلئے کام کریں گے، پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔

صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یوم آزادی حق خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کیلئے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنوں اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر كام کرنا ہوگا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ملکی اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کو بروئے کار لائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا، قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہئے، قائداعظم کے فرمان کے مطابق تمام تر توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، ملکی ترقی کیلئے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے، جشن آزادی پر سات دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔