لاہور: (دنیانیوز) چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر پنجاب کے 10 اضلاع میں جزوی طور پر موبائل سروس معطل کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق موبائل سروس صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں جزوی طور پر معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، 10 اضلاع میں مجالس کے مقامات پر صبح 5 سے رات 11 بجے تک موبائل سروس بند رہے گی۔
راولپنڈی، جھنگ، لیہ، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں جزوی طور پر موبائل سروس معطل ہوگی ، گجرات، گوجرانولہ، چکوال، اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی جزوی طور پر موبائل سروس بند ہوگی۔
لاہور سمیت پنجاب کے دیگر تمام اضلاع میں موبائل فون سروس بحال رہے گی، امن و امان کے قیام اور شہریوں کی حفاظت کیلئے مخصوص مقامات پر موبائل سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے پولیس کی درخواست پر وفاقی حکومت کو مراسلہ لکھ دیا ۔