190 پاونڈز کیس بند کرنے کے فیصلے کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

Published On 17 August,2024 04:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 پاؤنڈز کیس بند کرنے کے نیب فیصلے کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست پیر کو سماعت کے لئے مقرر ہوگئی۔

رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کے لئے مقرر کی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پیر کو سماعت کریں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کیس کے حتمی فیصلے تک 190 ملین پاؤنڈز کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا کی ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے سلمان صفدر ایڈووکیٹ اور خالد یوسف ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی، بانی پی ٹی آئی نے ٹرائل کورٹ کا 12 اگست کا آرڈر ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے، تفتیشی افسر نے بیان میں کہا کہ نیب کی 343 ویں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کی منظوری دی گئی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ نے کیس بند کرنے کا ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی، عدالت نیب کو ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے۔