لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے جیل ریفارمز وژن پر عمل کرتے ہوئے جیلوں میں "اب ہوگا ہنر مند اسیر" پروگرام کے تحت قیدیوں کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے جیلوں میں نوعمر اسیران کی ٹیکنیکل تربیت شروع کر دی، اسیران کو ایل ای ڈی بلب، سیلنگ لائٹ اور استری کی تیاری و مرمت کی تربیت دی جا رہی ہے، پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدی بچوں کو ہنرمند بنانے پر کام ہو رہا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں 15 ہزار ایل ای ڈی بلب نصب ہیں جس میں سے 2 ہزار سے زائد ایل ای ڈی بلب ہر ماہ خرابی کے باعث تبدیل کیے جاتے ہیں، تربیت یافتہ قیدی خراب ایل ای ڈی بلبوں کی مرمت سے تجربہ حاصل کر رہے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ ہر ماہ لاکھوں روپے کی بچت کیساتھ قیدیوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے میں مدد ملے گی، نوجوان قیدی رہائی کے بعد معاشرے میں باعزت رزق کما سکیں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بلبوں کی خریداری کی مد میں سالانہ 30 لاکھ روپے کی بچت بھی ہو گی، ماہرین کی زیر نگرانی تربیت کا آغاز ڈسٹرکٹ جیل لاہور سے کیا گیا ہے۔