لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پچھلے تین دن سے سندھ حکومت پریشان ہے پنجاب حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف کیوں دے دیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سعید غنی کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ بھائی پنجاب کی وزیراعلیٰ کو اپنے صوبے کے عوام کی فکر ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے اپنے صوبے کے فنڈز سے اپنے عوام کو ریلیف دیا ہے، آپ حسد نہ کریں ہمت کریں اور سندھ کے عوام کو ریلیف دیں، عوامی ریلیف کے اقدام پر فضول قسم کی سیاست کرنا باعث تعجب ہے، مریم نواز نوازشریف کی بیٹی ہے اور نوازشریف نے ہمیشہ عوام کی بات کی ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ عوامی جماعت ہونے کے دعویدار کے تمام وزرا اور ترجمان تین دن سے عوامی ریلیف کے ہی خلاف بیانات دے رہے ہیں، جب آپ عوام کے دعویدار بنتے ہیں تو مشکل کی گھڑی میں عوام کو ریلیف دینے سے گھبرا کیوں رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ہمت کریں آپ بھی سندھ کے عوام کو ریلیف دیں، تحریک انصاف کی لائن فالو مت کریں۔