صدر مملکت سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، معاشی ترقی بارے آگاہ کیا

Published On 22 August,2024 06:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یُنگ یے نے ملاقات کی۔

کنٹری ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک نے صدر مملکت کو پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں بینک کے کردار بارے بتایا، صدر مملکت نے سیلاب کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کی معاونت کو سراہا، صدر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے لاکھوں ایکڑ اراضی پر مینگروز کے جنگلات اُگائے، صدر مملکت نے زراعت، آبپاشی اور تعلیم کے شعبے میں بینک کی پاکستان کیلئے خدمات کی بھی تعریف کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں یونان کے سبکدوش ہونے والے سفیر کانسٹنٹینوس مؤاٹسوس نے بھی الوداعی ملاقات کی، صدر مملکت نے یونان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے یونان کے سبکدوش ہونے والے سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔