اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تمام پاکستانی بالخصوص نوجوان مون سون شجرکاری مہم 2024ء میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
مون سون شجرکاری مہم بارے اپنے پیغام میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ مون سون شجرکاری مہم صرف ایک موسمی اقدام نہیں بلکہ ملک کے قدرتی حسن اور وسائل کے تحفظ کے قومی فریضے کا اہم پہلو ہے، درخت زندگی کی اساس ہیں، بڑھتے ماحولیاتی مسائل کے پیش ِنظر شجرکاری کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لکڑی کی بڑھتی مانگ اور دیگر زمینی استعمالات کے باعث جنگلات پر شدید دباؤ ہے، مون سون شجرکاری مہم ماحول پر دیرپا اثر ڈالنے، نوجوان نسل کیلئے ایک سرسبز اور صحت مند مستقبل محفوظ بنانے کا موقع ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جنگلات کا فروغ پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں اولین ترجیح ہے، ’اپ اسکیلڈ گرین پاکستان پروگرام‘ کے تحت بڑے پیمانے پر پودے لگانے کا ہدف حاصل کیا گیا، اسے بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کیلئے سندھ میں 20 لاکھ سے زائد مینگرووز لگائے گئے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ’دی لیونگ انڈس پروگرام‘ کا مقصد جنگلات کی کٹائی روکنا ہے، لیونگ انڈس ڈیلٹا پروگرام کو اقوام متحدہ دہائی کی بحالی کا فلیگ شپ ایوارڈ ملا ہے، حکومت کمیونٹی کے تعاون کے بغیر جنگلی وسائل کا فروغ اور تحفظ نہیں کر سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ شجرکاری کے فروغ کیلئے معاشرے کے مختلف طبقات کی شمولیت ناگزیر ہے، مجھے امید ہے کہ عوام اس نیک کام میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے، ہماری نوجوان نسل موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں جنگلات کے کردار کی اہمیت سے آگاہ ہو، ہم اس اہم مشن کو آگے بڑھانے کیلئے استعداد ِ کار بڑھانے، تعلیم اور جدت کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ تمام پاکستانی بالخصوص نوجوان مون سون شجرکاری مہم 2024ء میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ملک میں جنگلات کے فروغ کا قومی مقصد حاصل کیا جا سکے گا۔