کراچی: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے سندھ نے مون سون 2024ء کا الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم سندھ نے بتایاکہ آج سے 31 اگست تک تھرپارکر، بدین، ٹھٹہ، سجاول، حیدرآباد، ٹی ایم خان، ٹنڈو الہیار، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، شکارپور اور لاڑکانہ میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں اور طوفانی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ کے مطابق 26 اگست سے 30 اگست تک گھوٹکی، سکھر، خیرپور، کشمور، نوشہروفیروز اور بینظیر آباد کے اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، 27 اگست سے 31 اگست تک کراچی ڈویژن میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور مختلف مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث دادو، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد اور جامشورو کے اضلاع میں کیرتھر اور بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہو سکتی ہے، شدید بارشوں، طوفانی ہواؤں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے روزمرہ کی سرگرمیاں متاثر ہونے، کمزور انفراسٹرکچر (کچے مکانات، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، سولر پینل وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ نے کہا کہ ماہی گیروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور پیش گوئی کی مدت کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔