لاہور: (دنیانیوز) 1958میں ایکٹ سازی کے ساتھ تیار ہونے والا محکمہ فوڈ 66سال بعد ختم کرنے کا الٹی میٹم دے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک ختم ہونے سے خالص غذا ایکٹ، شوگر فیکٹری کنٹرول ایکٹ ، اشیائے خوردنی کنٹرول ایکٹ اور فوڈ اتھارٹی کنٹرول ایکٹ اکٹھے کر دیئے جائیں گے، محکمہ فوڈ کو ختم کرنے کیلئے تجاویز مرتب کر لی گئیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو تجاویز بھجوا دی گئیں، محکمہ فوڈ کی جگہ " کموڈیٹی کنٹرول اینڈ مینیجمنٹ سسٹم" کے نام سے نیا محکمہ بنایا جائے گا۔
تجاویز میں کہا گیا ہے کہ نئے وجود میں آنے والے محکمہ کے ماتحت سپیشل سیکرٹری، زرعی مارکیٹنگ ، ڈی جی پرائس کنٹرول ہونگے ، نئے محکمہ"کموڈیٹی کنٹرول اینڈ مینیجمنٹ سسٹم" میں کین کمشنر اور ڈائریکٹوریٹ فوڈ بھی ماتحت ہونگے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ انڈسٹری ، محکمہ فوڈ اور محکمہ زراعت کے پرائس کنٹرول کی تمام سرگرمیاں نئے محکمہ کے سپرد ہونگی۔
محکمہ آئی اینڈ سی نے محکمہ خوراک کو ختم کرنے اور نئے محکمہ کے قیام کے لئے تجاویز تیار کر لی ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد باقاعدہ نئے محکمہ کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا۔