لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اج چترال سے لے کر کراچی تک کامیاب ہڑتال ہو گی۔
اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت تاجر دوست کے نام پر تاجر دشمن سکیمیں متعارف کرا رہی ہے، یقین ہے کوئی تاجر تنظیم اپنی کمیونٹی اور عوام کے مفاد کے خلاف حکومتی جھانسے میں نہیں آئے گی، تاجروں سے اپیل کرتا ہوں وہی کام کریں جو ملک و قوم کے حق میں ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمران اپنی مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں، ہم ان کی بڑی گاڑیوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، عوام حکمرانوں کے مفت بجلی اور عیاشیوں کے خرچے مزید اٹھانے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجر ٹیکس دینے کو تیار ہیں لیکن مارکیٹوں کی بنیاد پر ٹیکسوں کا تعین انہیں منظور نہیں، جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے، حکمران طبقہ اپنے خرچے کم کرے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں تو خودبخود تاجروں اور عوام کو ریلیف ملے گا، آج کی ہڑتال ایک دن کی کوشش، حکومت کو مجبور کریں گے اور اسے پیچھے ہٹنا پڑے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج ہی تاجروں سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔