استحصالی نظام سے بلوچستان میں خاموش بغاوت دکھائی دے رہی ہے: سراج الحق

Published On 22 August,2024 10:18 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ استحصالی نظام کی وجہ سے بلوچستان میں خاموش بغاوت دکھائی دے رہی ہے۔

سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کوئٹہ میں حفاظ کرام کے لئے دستار بندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر آزاد ہوا لیکن 76 سالوں میں یہاں یہ نظام نافذ نہ ہو سکا، معاشرے کی اصلاح اور برائی کے خاتمے کے لئے اسلامی نظام کا نافذ ہونا ضروری ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہمارے ملک کا بچہ بچہ آئی ایم ایف کا مقروض ہو چکا ہے، جس طرح دہشت گردی کے خلاف جہاد کا حکم ہے وہیں عدالتوں میں انصاف کا بھی حکم ہے، ملک میں اسلامی نظام کے قیام سے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں، امت مسلمہ کو درپیش مسائل کی وجہ صحیح معنوں میں اسلامی نظام کا نفاذ نہ ہونا ہے۔

سابق امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلامی ممالک نے غزہ میں نسل کشی پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، ملک میں مہنگائی، بے روز گاری، بدامنی ہے، ملک میں آج تک آئین کی حکمرانی قائم نہ ہو سکی، نام نہاد حکمران ملک میں کوئی بہتری نہ لا سکے، ملک میں سب کا احتساب ہونا چاہئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں جن کے اپنے دامن داغدار ہیں وہ کیسے کسی کا احتساب کر سکتے ہیں، بلوچستان وسائل سے مالا مال صوبہ ہے۔