جماعت اسلامی کا مبارک ثانی کیس میں کامیابی پر یوم تشکر منانے کا اعلان

Published On 23 August,2024 10:27 am

لاہور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ میں مبارک ثانی کیس میں فتح اور عقیدہ ختم نبوتﷺ کے تحفظ میں کامیابی پر ملک گیر یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، نظرثانی فیصلہ کے بعد جو بحیثیت مجموعی قوم میں اضطراب موجود تھا اس کا خاتمہ ہوا، قوم کو مبارک ہو، سپریم کورٹ نے فیصلے سے قابل اعتراض پیراگراف حذف کر دیئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کا لازمی جزو ہے، آئین پاکستان میں موجود شقوں میں کوئی چھیڑ چھاڑ قبول نہیں کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ سید مودودیؒ کو قادیانی مسئلے پر کتابچہ لکھنے پر فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی، جماعت اسلامی عقیدہ ختم نبوت کی محافظ اور نگہبان ہے۔