لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک کے دیوالیہ ہونے کی دعائیں مانگنے والے معافیاں مانگنے پر آگئے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں، الیکٹرک بائکس کے بعد "اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ"،بجلی کے بلوں میں ریلیف اور اب ہمت کارڈ پروگرامز قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کی جا رہی ہیں، مریم نواز باقی صوبوں کیلئے رول ماڈل بن چکی ہیں، میں فخر سے کہہ سکتی ہوں میری وزیراعلیٰ نے اب تک جتنے بھی منصوبے شروع کیے سندھ اور خیبرپختونخوا نے ان کی پیروی کی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب کو خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ صوبہ بنانے کا مشن لے کر آئی ہیں، مخالفین کے پاس جھوٹ،پراپیگنڈے اور الزام تراشیوں کے سوا کچھ نہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ فتنہ پارٹی ملک کی فلاح و بہبود کیلئے مضر بن چکی ہے، فتنہ پارٹی کا ایجنڈا ملک میں "انتشار پھیلاؤ،تقسیم کرو" اور نفرتیں بڑھانا ہے، مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ نے عوام کے تعاون سے انتشار اور نفرت کی سیاست کو سمندر برد کرنا ہے، پاکستان میں فتنہ پارٹی اور اس کے سہولت کاروں کے لیے مزید کوئی گنجائش نہیں رہی۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام انتشاریوں اور فسادیوں کا بھیانک چہرہ دیکھ چکے ہیں، مایوسی پھیلانے والے پہلے بھی رسوا ہوئے تھے اب بھی ذلیل و خوار ہوں گے، پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی دعائیں مانگنے والے آج معافیاں مانگنے پر آگئے ہیں۔