کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 2 ستمبر کو طلب کر لیا گیا، اجلاس میں دہشتگردی کے واقعات کیخلاف مذمتی قرار داد پیش کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے گی، اجلاس میں اراکین اسمبلی علی مددجتک، بخت کاکڑ،ولی محمد نورزئی،اصغررند اور دیگر 26اگست کو ہونے والے دہشت گردی کے دلخراش واقعات کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کریں گے۔
قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ راڑہ شم کےمقام پر 23 مسافروں کو بسوں اور ٹرکوں سے اتار کربے دردی سے شہید کیا گیا، دہشت گردوں نے 35 گاڑیوں کو نذر آتش کیا، ایوان بلوچستان میں دہشت گردی کی وحشیانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
متن میں لکھا گیا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ایوان متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بزدلانہ کارروائیوں کے لئے اکسانے والے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔