اسلام آباد :(دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہےکہ جموں و کشمیر کا مسئلہ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، بھارت بے بنیاد دعوے ترک کردے۔
بھارتی وزیر خارجہ کے جموں و کشمیر پر حالیہ بیان کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا اپنے موقف میں کہنا تھا کہ پاکستان ہر اس بیانیے کو مسترد کرتا ہے جو یہ ظاہر کرے کہ جموں و کشمیر کا تنازع یکطرفہ طور پر طے ہوا ہے یا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدامات اس حقیقت کو تبدیل نہیں کرسکتے اور نہ ہی کریں گے، اس طرح کے دعوے گمراہ کن اور خطرناک حد تک فریب ہیں، اس طرح کے دعوے زمینی حقائق کو صریح طور پر نظر انداز کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترجمان جموں و کشمیر کا تنازع ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کیا جانا چاہیے، اس حل طلب تنازع کا حل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے اہم ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان سفارت کاری اور بات چیت کیلئے پرعزم ہے، پاکستان کسی بھی دشمنانہ کارروائی کا غیرمتزلزل عزم کے ساتھ جواب دے گا، بھارت اپنی اشتعال انگیز بیان بازی اور بے بنیاد دعوے ترک کرے۔