لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں مون سون کا نیا سپیل شروع ہو گیا، صبح سویرے لاہور سمیت مختلف شہروں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم دلفریب بنا دیا، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو اور ریلوے سٹیشن کے اطراف میں خوب بادل برسے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، ضلعی انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔
لاہور کے علاقوں جیل روڈ پر 7، گلبرگ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ لکشمی چوک میں 12، پانی والا تالاب میں 8 اور قرطبہ چوک میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
ادھر پنجاب کے شہروں صفدر آباد، سانگلہ ہل اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، کلور کوٹ میں گرج چمک کیساتھ بارش نے رنگ جما دیا جبکہ چنیوٹ میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب گئے جنہوں نے انتظامیہ کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔