کوئٹہ :(دنیا نیوز) بلوچستان میں مون سون کی بارشوں کے دوران مجموعی طورپر 42افراد جاں بحق ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 24بچے ،15مرد اور 3خواتین شامل ہیں، خضدار میں سب سے زیادہ 9اموات رپورٹ ہوئیں، کیچ میں 5اور ژوب 4افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ موسلا دھار بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں19 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں میں14بچے، 3مرد اور 2خواتین شامل ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان میں 1591گھرمکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں، صوبے میں 15ہزار 797گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ، سیلابی صورتحال سے 66134ایکڑ پر فصلیں اور206کلو میٹر سڑکیں متاثر ہوئیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں بارشوں کے دوران 783مویشی ہلاک ہوئے۔