سیاسی مخالفت کو دشمنی میں بدلنے کے رجحان نے ملک کو نقصان پہنچایا: مریم نواز

Published On 10 September,2024 09:27 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں بدلنے کے رجحان نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی وزراء، پارلیمانی اور انتظامی سیکرٹریز نے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے محکمانہ میٹنگ میں متعلقہ پارلیمانی سیکرٹری کو بھی مدعو کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں بدلنے کے رجحان نے پاکستان کو نقصان پہنچایا،4 سال نالائقوں کے ہاتھ میں حکومت رہی اور 40 سالہ ترقی کو 4 سال میں تباہ وبرباد کر دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا ترقی کرتا ہوا پنجاب ملتا تو بہت تیزی سے آگے بڑھتے،ان کی وزارت اعلیٰ کے دور میں جو محنت ہوئی، وہ چند سال میں تباہ کردی گئی ، اب ہم نے محنت کی ہے لیکن چھ ماہ میں مثالی بہتری کا دعویٰ نہیں کر سکتے۔

مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندہ ہوں، عوام کی بہتری کے لئے کبھی چھٹی نہیں کی، 5 سال میں کوئی اتنی سکیمیں نہیں لاسکتا جو 6 ماہ میں ہم کرچکے ہیں،ہماری سکیمیں کاغذی نہیں بلکہ عملی طورپر کام شروع ہوچکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی کم ہو رہی ہے پہلے پرائس کا گراف اوپر جاتا تھا اب نیچے جارہا ہے، آٹا، دودھ اور ضروری اشیاء کے نرخ اب بھی کم ہیں، باقی صوبوں کا حال آپ جانتے ہیں ۔