سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کو دنیا سے رخصت ہوئے 6 برس بیت گئے

Published On 11 September,2024 11:06 am

لاہور: (دنیا نیوز) سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کو دنیا سے رخصت ہوئے 6 برس بیت گئے۔

بیگم کلثوم نواز 29 مارچ 1948 میں اندرونِ لاہور کے کشمیری گھرانے میں پیدا ہوئیں، گاما پہلوان کی نواسی کلثوم نواز نے اردو ادب میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، کلثوم نواز نے ’’رجب علی بیگ سرور کا تہذیبی شعور‘‘ اور’’ جبر اور جمہوریت‘‘ کے نام سے دوکتب بھی تصنیف کیں۔

1971 میں کلثوم کی شادی سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نوازشریف سے انجام پائی، شرافت، محبت، سخاوت اور برداشت مرحومہ کی زندگی کا قیمتی اثاثہ تھے، نوازشریف کی زندگی، سیاست اور اہم پارٹی فیصلوں میں کلثوم نواز بھرپور کردار ادا کرتی رہیں۔

اکتوبر 1999 میں نوازشریف جب پابندِ سلاسل تھے تو کلثوم نواز نے پرویزمشرف کی آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پارٹی صدارت کا بوجھ کندھوں پر اٹھایا اور مسلم لیگ ن کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا، اپوزیشن جماعتوں کو ایک یکجا کرنے پر کلثوم نواز کو ’’مادر جمہوریت‘‘ کا خطاب دیا گیا۔

میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد کلثوم نواز ایک بارپھر سیاسی میدان میں اتریں لیکن گلے کے کینسر نے انہیں زیادہ مہلت نہ دی اورموت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد 11 ستمبر 2018 کو خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔

درویش صفت خاتون کلثوم نواز جاتی امراء رائے ونڈ میں اپنے سسر میاں محمد شریف کے پہلو میں آسودہ خاک ہیں۔