اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے، پیپلز پارٹی نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا۔
وزیر اعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں دی گئی تجویز "چارٹر آف پارلیمنٹ" کو سراہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ اس سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مزید مضبوط ہوں گے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی، پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے حکومتی پالیسیوں و اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جس کا وزیرِ اعظم نے خیر مقدم کیا۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں سید نوید قمر اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب شامل تھے، ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور اٹارنی جنرل بھی شریک تھے۔