اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سید نوید قمر نے ملاقات کی۔
ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور وزیرِ مملکت علی پرویز ملک بھی شریک تھے۔
ملاقات میں وفاقی حکومت کے صوبہ سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور وفاق و صوبے کے تعاون سے جاری عوامی مفاد کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے وزیرِ اعظم کو سندھ کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا، مراد علی شاہ نے شہباز شریف کو صوبے میں جاری توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مابین ہونے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔