لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ تحریک انصاف بڑھکیں مارنے کے بجائے سپیکر کے ساتھ تعاون کرے۔
خرم دستگیر نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں گرفتاریوں پر سپیکر نے ایکشن لیا ہے، جلسے میں انتہائی بیہودہ زبان استعمال کی گئی، پارلیمنٹ کا تقدس پامال ہونا افسوس ناک ہے، تحریک انصاف دور میں پارلیمنٹ کا تقدس پامال ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپیکرمعاملے کی تہہ تک پہنچیں گے، سپیکر نے 16 رکنی کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے، تحریک انصاف دورمیں رانا ثنا اللہ کے خلاف بے بنیاد کیس بنایا گیا، کل کا زخم تازہ ہے، سپیکر نے اچھا کردار ادا کیا ہے، تحریک انصاف دور میں ایوان کے اندر بھی ہم محفوظ نہیں تھے۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ کی جانب سے ایوان کو رپورٹ پیش کی جائے گی، اسمبلی کو لعنت بھیجنے والے اب تقدس کی بات کر رہے ہیں، پارلیمان کے تقدس کو ہم نے ملکر قائم رکھنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے سڑک پر آئیں گے تو پسپا کریں گے، قانون سازی سے متعلق مولانا فضل الرحمان سے دوبارہ بات کریں گے، کابینہ سے ابھی تک مسودے کی منظوری نہیں ہوئی۔
خرم دستگیر نے کہا کہ جیسے نمبرزپورے ہوں گے تو معاملے کو کابینہ کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔