کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ نبی کریمﷺ کے پیغام کو امت مسلمہ اپنا مشعل راہ بنائیں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے امت مسلمہ کو 12 ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریمﷺ کی ولادت باسعادت تمام جہانوں کیلئے ایک عظیم ترین دن ہے، نبی پاکﷺ کی تشریف آوری انسانیت کے دکھوں کے مداوے کی نوید ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آپﷺ نے انسانوں کو غلامی سے نجات دلائی، مدتوں سے انسانیت آپﷺ کی جلوہ گری کی منتظر تھی، ہماری خوش قسمتی کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں حضورﷺ کا امتی بنایا، نبی کریمﷺ کے پیغام کو امت مسلمہ اپنا مشعل راہ بنائیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ نبی کریمﷺ کی زندگی ہمدردی، رواداری اور محبت کی تابندہ مثال ہے، آپﷺ کا کردار اور اعمال ہمارے لئے بہترین نمونہ ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رسول اللہﷺ کی تعلیمات اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔
گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ یہ میری خوش نصیبی ہے کہ میرا نوٹیفکیشن آج کے بابرکت دن ہوا، اس بابرکت روز میرا نوٹیفکیشن میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی روز عہد کیا کہ انسانیت کی بھرپور خدمت کروں گا، جس منصوبے کو بھی شروع کیا غیب سے اللہ تعالیٰ کی نصرت شامل رہی، مجھے اچھے دوست ملے جن کی بدولت انسانیت کی خدمت کا مشن کامیاب سے جاری ہے۔