اسلا م آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ ایک سیاسی ٹولہ ملک میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا احسان افضل کا کہنا تھا کہ آج پاکستان سٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر گئی ہے، آئی ایم ایف کا معاہدہ 25ستمبر کو کامیابی سے ہوگا، بین الاقوامی ادارے موڈیز اور فچ بتا رہے ہیں کہ ملک استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جعلی موڈیز اور فچ بنے ہوئے ہیں جو عوام کو بتارہے ہیں کہ ملک کا بیڑا غرق ہورہا ہے، مایوسی پھیلانے والا ٹولہ بتارہا ہے کہ پتہ نہیں کتنے ٹیکسٹائل یونٹ بند ہوگئے ہیں، گزشتہ چند ماہ میں ٹیکسٹائل سیکٹر میں استحکام آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے پاکستان میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں، ایکسپورٹ مثبت نظر آرہی ہے، گزشتہ 2ماہ میں غیر ملکی ترسیلات میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے، نظر آرہا ہے آئندہ وقت میں خسارہ مزید کم ہوگا، حکومت نے عام آدمی کیلئے مشکل فیصلے کیے۔
رانا احسان افضل نے کہا کہ ملک استحکام کی جانب گامزن ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، سود کی شرح بہت زیادہ تھی،انڈسٹری چلانا بہت مشکل تھا، سود کی شرح لگاتار نیچے کی طرف آرہی ہے، آئی ٹی کی برآمدات میں واضح اضافہ ہوا ہے، پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن آخری مراحل میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل چوتھی بار کمی ہوئی ہے جس کا فائدہ عوام کو ہوا لیکن ایک سیاسی ٹولے کی کوشش ہے کیسے ملک کو عدم استحکام کا شکار کریں، ایک سیاسی ٹولے کا پراپیگنڈا معیشت کے خلاف نظر آتا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ جلسے میں مرنے مارنے کی تقریر کرتے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی انتشار پھیلانے والی تقاریر کرتے ہیں، ملک میں جوڈیشل ریفارمز لارہے ہیں تو سیاسی ٹولہ اس پر بھی عدم استحکام پھیلارہا ہے، اگر آئینی عدالت کی بات کررہے ہیں تو وہ بھی چارٹر آف ڈیموکریسی کا حصہ ہے۔