نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ نائن الیون کے بعد پاکستان کو بدترین دہشتگردی کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایس ڈی جی مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے 80 ہزارشہری لقمہ اجل بنے، ملک کو معاشی طور پر 150 ارب ڈالرسے زائد کانقصان ہوا، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ترقی پذیر ممالک کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔
محمد شہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ دور کے سیلاب کی تباہ کاریوں نے پاکستان کو بہت پیچھے دھکیل دیا، سیلاب کے باعث اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا، ہم نے دانش سکول کی صورت میں جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا تعلیمی منصوبہ شروع کیا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ غریب خاندانوں کے ہزاروں طلبہ دانش سکولوں میں تعلیم حاصل کرکے آج اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوچکے ہیں۔