لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کیلئے ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں گے۔
عالمی یوم سیاحت پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیاحت کے پرعزم جذبے رکھنے والوں کو سلام پیش کرتے ہوں، اللہ تعالیٰ نے بھی انسان کو زمین پر چلنے پھرنے اور غور وفکر کرنے کی دعوت دی، سیاحت انسان کی فطری صلاحیتوں کو جلا بخشتی اور فکر و تدبر میں معاونت کرتی ہے، اللہ تعالیٰ نے پاک سر زمین کو بے پناہ سیاحتی خوبصورتیوں سے نوازا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل ہے، سیاحت کے فروغ کیلئے ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں گے، قدرتی حسن سے مالا مال پنجاب کے علاقے کسی سے کم نہیں، پنجاب کا تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثہ دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے باعث کشش ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سیاحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے پائیدار اقدامات کئے جا رہے ہیں، قدیمی قلعے، مذہبی مقامات اور دلکش وادیاں سیاحت کیلئے نہایت موزوں ہیں، سیاحت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اُجاگر کرنے کیلئے پر عزم ہیں، مری کے انفراسٹرکچر کو جدید طرز پر اپ گریڈ کریں گے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ مری میں گلاس ٹرین چلانے کے منصوبے پر بھی ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے، پاکستان میں پہلی مرتبہ ہائبرڈ ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانا پنجاب کا اعزاز ہے، ٹورازم ڈویلپمنٹ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر اُبھرے گا، پاکستان کے خوبصورت چہرے کو دنیا بھر میں روشناس کرانا ہے۔