لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

Published On 27 September,2024 12:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں وحدت روڈ، کلمہ چوک، کینال اور گردونواح میں بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا، شہر کے دیگر کئی علاقوں پر بادلوں نے ڈیرے جما رکھے ہیں جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے۔

ادھر جڑواں شہروں اور مضافات میں موسلادھار بارش سے بعض مقامات پر سڑکیں اور گلیاں تالاب کی شکل اختیار کر گئیں جس کے باعث شہریوں کو روز مرہ کے معمولات اور آمدورفت میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔

اس کے علاوہ کالاباغ، اٹک، جہلم، گجرات، خان پور، نارووال، خوشاب، دینہ، کندیاں اور چشمہ کے اطراف میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے گرمی اور حبس میں واضح کمی آئی ہے، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، شمال مشرقی اور وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی و جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب بارش کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، بارشوں کا سلسلہ یکم اکتوبر تک جاری رہنے کا امکان ہے، شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔