لاہور : (دنیانیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کاکہنا ہے کہ پنجاب حکومت تشدد پھیلانے والوں سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
عالمی یومِ عدم تشدد کے موقع پر انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہر قسم کا تشدد اور انتشار پسندی قابل مذمت ہے، عدم تشدد کا راستہ ہی حقیقی کامیابی کا ضامن ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ معاشرتی ترقی اور فلاح کی بنیاد طاقت یا تشدد نہیں بلکہ امن اور برداشت پر ہے، عدم تشدد کا نظریہ انسانیت کا سب سے بڑا نظریہ ہے، تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ مزید بگاڑ پیدا کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کاکہنا تھا کہ عدم تشدد کا راستہ اپنانے والا معاشرہ ہی ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہوتا ہے، باہمی اختلافات کو بات چیت سے حل کے کلچر کو فروغ دیا جائے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ ایسے پنجاب کی تعمیر میں مصروف ہیں جہاں ہر شخص کوامن سے جینے کا حق ملے، اورقانون کی حکمرانی ہو، تشدد، انتہاپسندی اور نفرت کے خلاف عدم تشدد کے پیغام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، پُرامن پاکستان کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں۔