اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیشن عدالت نے عمران خان کی 6 اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل زاہد بشیر عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل زاہد بشیر نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ سینئر وکیل لاہور میں دیگر کیسز میں مصروف ہیں اور سلمان صفدر آج عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔
بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانت میں 21 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔