کراچی: (دنیا نیوز) سابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ڈینٹل کلینک کو سیل کرنے کیخلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
عدالتِ عالیہ میں سابق صدر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی اور بیٹے اواب علوی نے فوری سماعت کی استدعا دائر کی ہے جو سندھ ہائیکورٹ نے منظور کر لی ہے۔
ڈینٹل کلینک سیل کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کچھ دیر بعد عدالت کا 2 رکنی بینچ کرے گا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایس بی سی اے نے سندھی مسلم سوسائٹی میں واقع ڈینٹل کلینک سیل کر دیا ہے۔
درخواست گزاران ثمینہ علوی اور اواب علوی کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے مؤقف اپنایا ہے کہ کلینک سیل کرنے کی وجہ محض سیاسی انتقام ہے، ڈاکٹر عارف علوی کو صرف سیاسی بنیادوں پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔
وکیل کا کہنا ہے کہ ڈینٹل کلینک طویل عرصے سے ہے، سیل کرنے سے پہلے کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق صدرِ پاکستان عارف علوی کا کراچی میں ڈینٹل کلینک سیل کر دیا گیا تھا۔