اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مسلم لیگ ن و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کےخلاف خاموشی اختیارکرنا انسانیت کی ناکامی ہے۔
فلسطین کے حوالے سے ایوان صدر میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ نہتےفلسطینیوں پربےدردی کےساتھ ظلم ڈھایا جارہا ہے، یہ تاریخ کی ایک بدترین مثال ہے، بچوں کی خون آلودہ تصاویردیکھ کردل خون کےآنسو روتا ہے، غزہ کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے، ماؤں کی گود سےبچے چھین کرشہید کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا ظلم زندگی میں نہیں دیکھا، اقوام عالم کی اس حوالے سے عجیب قسم کی خاموشی ہے، اسرائیل نےفلسطین پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے، اقوام متحدہ بالکل بےبس بیٹھی ہے،شہبازشریف نےجنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کا مقدمہ لڑا، سب نےشہبازشریف کی تقریرکوسراہا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ کی صورتحال بہت افسوس ناک ہے، اقوام متحدہ اپنی ہی قراردادوں پرعملدرآمد کرانےمیں ناکام ہے، ایسی یواین او کا کیا فائدہ جوظلم کونہ روک سکے، یاسرعرفات نےفلسطینی عوام کےلیےبڑی جدوجہد کی۔
لیگی صدر نے کہا کہ فلسطینیوں کا خون رنگ لائےگا، شہبازشریف نےاس حوالےسےروڈ میپ دیا اس پر غورہونا چاہیے، عالم اسلام کوفیصلہ کن اقدامات کرنےچاہئیں،اسلامی ممالک کے پاس بہت بڑی قوت ہے، اسلامی ممالک اپنی قوت کا استعمال آج نہیں کریں گے تو کب کریں گے؟
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ سب کواکٹھے ہو کر ایک پالیسی بنانی پڑے گی، اگرہم نے کچھ نہ کیا تو پھر اسی طرح ماؤں، بہنوں کو شہید ہوتا دیکھتے رہیں گے، اسرائیل کے پیچھے عالمی طاقتوں کوبھی سوچنا چاہیے، صدرمملکت کی تجویز سے سو فیصد اتفاق کرتا ہوں، ہمیں اپنی سفارشات مرتب کرنے کے بعد اسلامی دنیا سے رابطہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے، اس حوالے سے جلدی اقدامات ہونےچاہئیں، اسرائیلی جارحیت کےخلاف خاموشی اختیار کرنا انسانیت کی ناکامی ہے۔