پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد سیل کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا ردِ عمل بھی سامنے آگیا۔
اپنے بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کی جانب سے کے پی ہاؤس سیل کرنا غیر قانونی ہے، کے پی ہاؤس سیل کرنا فیڈریشن کی اکائی پر جعلی حکومت کی جانب سے حملہ ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کے پی ہاؤس خیبر پختونخوا حکومت کی ملکیت ہے، جعلی حکومت کے اس جعلی اقدام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی علی امین کی گرفتاری کے لئے کے پی ہاؤس پر دھاوا بولا تھا اور توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکمران کے پی حکومت کے خلاف فسطائیت کا ہر حربہ استعمال کر رہے ہیں، ہم اس غیر قانونی اقدام کے خلاف عدالت ضرور جائیں گے۔