لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان میں تعینات آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی۔
ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، زراعت، ڈیری سیکٹر اور کھیل کے شعبے میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے آسٹریلین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، پاکستانی طلبہ بڑی تعداد میں آسٹریلین یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، پاکستانی طلبہ کو سکالرشپس دینے کے اقدام کو سراہتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی بہت بڑا مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کے لیے اکٹھے کام کرنے کی ضرورت ہے، کھیل کے شعبے میں کرکٹ، ہاکی کے فروغ کے لیے آسٹریلین تعاون کو سراہتے ہیں۔
سلیم حیدر خان نے کہا کہ ہاکی کو فروغ دینے کے لیے گورنر ہاؤس میں 10 اکتوبر کے بعد ہاکی کی ٹیم کو مدعو کیا جائے گا، اس موقع پر آسٹریلین ہائی کمشنر کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ پنجاب میں زراعت اور فارمنگ کے شعبے میں منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تجارت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔