پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن کو سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس عتیق شاور اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے سابق وزیراعلیٰ محمود خان کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ اینٹی کرپشن نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر نوٹس بھیجا، اینٹی کرپشن اس وقت کیس کی تحقیقات کر رہا ہے جب وہ صوبائی وزیر تھے۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ یہ کیس پہلے ہی بند ہوچکا ہے۔
جس پر عدالت نے اینٹی کرپشن کو محمود خان کے خلاف کسی بھی کارروائی سے روک دیا اور اگلی سماعت پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج ہے، محمود خان پر سرکاری اکاؤنٹ سے رقم ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا الزام ہے، اینٹی کرپشن کے مطابق محمود خان نے 2015 میں بطور وزیر کھیل رقم ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کی۔