پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی خراب صورتحال کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔
پشاور بار کونسل نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی ابتر صورتحال کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں صوبائی حکومت، آئی جی خیبرپختونخوا، چیف سیکرٹری اور وزارت داخلہ کوفریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبے میں امن اومان کی صورتحال ابتر ہے، خصوصاً جنوبی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، حال ہی میں جوڈیشل افسران پر حملے ہوئے، امن وامان کی بدترین صورتحال سے ٹانک اور وزیرستان سے عدالتیں ڈی آئی خان منتقل کی گئیں۔
درخواست گزار کی جانب سے مزید کہا گیا کہ کرم میں آئے روز نہتے عوام پر حملے ہو رہے ہیں، صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ناکام ہوچکے ہیں، فریقین امن امان کی ابتر صورتحال میں بہتری کے لیے کوئی اقدامات نہیں اٹھا رہے۔
پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی ناقص صورتحال کیخلاف درخواست 17 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقر رکر دی۔