گورنر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل طلب کر لیا، پوسٹ بجٹ پر عام بحث کی جائیگی

Published On 24 October,2024 12:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پنجاب اسمبلی کا 17 واں اجلاس کل (25 اکتوبر) کو طلب کر لیا۔

پنجاب اسمبلی کا 17 واں اجلاس بروز جمعہ دوپہر 2 بجے ہو گا، اجلاس کی صدارت سپیکر ملک محمد احمد خان کریں گے، اس سلسلے میں اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، پنجاب اسمبلی کے  اجلاس میں پنجاب کے پوسٹ بجٹ پر عام بحث کی جائے گی۔

پنجاب اسمبلی رولز میں ترمیم کے بعد پنجاب کا بجٹ پیش کرنے کے بعد بھی اسمبلی میں عام بحث لازم قرار دی گئی، پنجاب کے بجٹ کی منظوری کے بعد بجٹ کہاں کہاں خرچ ہوا اور کتنا خرچ نہ ہو سکا اس پر بھی بحث ہو گی۔