تحریک انتشارکے کارکنان نے قیدی وینزپرحملہ کیا: عطا تارڑ

Published On 25 October,2024 08:29 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انتشارکے کارکنان نے قیدی وینزپرحملہ کیا۔

اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا ردعمل مضحکہ خیزاورفلم کی سٹوری لگتی ہے، پی ٹی آئی ترجمان کو جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے، عادی ملزمان کا منصوبہ ناکام رہا، چارحملہ آوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نومئی کوشہدا کی یادگاروں کی بےحرمتی کی گئی، اب گرفتار ملزمان کو فرارکروانے کی ناکام کوشش ہوئی، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حملہ آوروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی، حملے کے وقت گرفتار ملزمان کو اٹک جیل لیجایا جارہا تھا۔

وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ پلاننگ کرکے پولیس وین پرحملہ کیا گیا، خیبرپختونخوا کےایم پی اے لیاقت کےصاحبزادے کو بھی حملے میں ملوث ہونے پر گرفتارکیا گیا ہے چار گاڑیوں میں مسلح افراد نےٹول پلازہ کےقریب حملہ کیا، دو گاڑیوں اور اسلحےکو قبضے میں لیا گیا ہے، ایف آئی آر درج کرکے مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ٹول پلازہ کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے، گینگسٹر کی طرح قیدیوں کی وین پرحملہ کیا گیا، منصوبہ سازوں کو گرفتار کیا جائے گا، حملہ کرنے والے25 سے30 افراد تھے، چار ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چار گرفتار افراد کو دو گاڑیوں سمیت تھانہ ترنول منتقل کر دیا گیا، تمام حوالاتیوں اور قیدی وینز کو پولیس لائنز منتقل کر دیا گیا، قیدی وینز کے ڈرائیور اور ہمراہ پولیس اہلکاروں سے تفتیش شروع کردی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ امریکا میں کیپٹل ہلزمیں حملہ کرنےوالوں کو20،20سال سزا ہوئی، نومئی کےملزمان کواگرسزا مل گئی ہوتی توایسےحملےکرنےکی جرات نہ ہوتی ، تشدد اورانتشارپی ٹی آئی کی تاریخ ہے، دو اہلکارحملے میں زخمی ہوئے،پولیس نے بہادری سےحملےکو ناکام بنایا۔