پی ٹی آئی کا عمران خان کو جیل میں سہولتوں کی عدم فراہمی کیخلاف عدالت سے رجوع

Published On 26 October,2024 06:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کی ہدایت پر فیصل چوہدری نے عمران خان کو جیل میں سہولتوں کی عدم فراہمی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان کو جیل میں بنیادی انسانی سہولتوں سے محروم کرنا جیل مینوئل کی خلاف ورزی ہے، بانی پی ٹی آئی کو ایک بہت چھوٹے سیل میں مستقل بندرکھا جا رہا ہے۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ورزش کی سہولت میسر نہیں اور اپنا کھانا کھانے کی سہولت بھی لے لی گئی ہے، عمران خان کو ٹیلی ویژن اور اخبار کی سہولت بھی مہیا کی جائے جو واپس لی گئی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بانی پی ٹی آئی کے انسانی حقوق کی نگہبان ہے اور فوری طور پر ان کے حقوق بحال کئے جائیں۔