لاہور : (دنیانیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے پیش نظر ہفتے میں دو روز ورک فرام ہوم کا عندیہ دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت مختلف محکموں نے اپنی رپورٹس جمع کرائیں۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ لاہور بڑا شہر ہے، دھواں چھوڑنے والی ہیوی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، عدالت نے حکومت کے گرین لاک ڈاؤن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اس سے ایک علاقے کی آلودگی دوسرے علاقے میں منتقل ہو جائے گی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ برس ہم نے ہفتے میں دو روز ورک فراہم ہوم، جمعہ ہفتہ سکولوں کی بندش اور مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل کئے تھے جبکہ اتوار کو کمرشل سرگرمیاں مکمل بند کی تھیں، ہمیں دوبارہ ایسے اقدامات کی طرف جانا ہو گا، سیکرٹری ماحولیات اس حوالے سے میٹنگ کرکے فیصلہ کریں۔
دوران سماعت ایل ڈی اے کے وکیل نے بتایا لاہور کے 19 انڈر پاسز سے ایل ای ڈی لائٹس چوری ہوئیں، اب پی ایچ اے کو انڈر پاسز کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔