حالات جیسے بھی ہو جائیں عمران خان ڈیل نہیں کریں گے: فواد چودھری

Published On 03 November,2024 07:45 pm

لاہور:(دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ حالات جیسے بھی ہو جائیں عمران خان ڈیل نہیں کریں گے۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’بات نکلے گی‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کےوقت اسمبلی تحلیل کرنےکا منصوبہ صرف چارلوگوں کوپتہ تھا، جس میں بانی پی ٹی آئی،عارف علوی،اٹارنی جنرل اورمیں منصوبےسےآگاہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد سےچاردن پہلےبانی پی ٹی آئی کی جنرل باجوہ سےملاقات ہوئی، جنرل باجوہ نےعمران خان سے کہا ہم انتظام کرلیں گے، اسمبلی تحلیل کےبعد بانی پی ٹی آئی نے جنرل باجوہ سے کہا الیکشن کروالیں، شرط یہ تھی کہ جسٹس بندیال کی ریٹائرمنٹ کےدس روزبعد الیکشن کروائےجائیں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنےکی تجویزشاہ محمود قریشی کی تھی، مسلم لیگ(ن) اورپیپلزپارٹی الیکشن کروانےپرمتفق تھے، میں نےاس وقت حماد اظہرسےکہا ہم الیکشن ہارجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ سےرابطہ ختم کرنا ہماری غلطی تھی،جنرل باجوہ سےکہا بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت کم نہیں ہوئی، میں نےجنرل فیض اورعمران خان سےکہا نوازشریف کوباہرنہ بھیجیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ سےہماری کوئی لڑائی نہیں تھی، ہمیں لگ رہا تھا کہ عدم اعتماد کوہم مینج کرلیں گے، جنرل باجوہ نے بھی ہمیں یقین دہانی کرائی تھی، اس کےبعد جنرل باجوہ کےہاتھ سے بھی بات آگےنکل گئی۔

سابق وفاقی وزیرکا کہنا تھا مسلم لیگی رہنما رانا تنویر،ملک احمد خان،خواجہ آصف جنرل باوجوہ سے ملاقاتیں کرتےرہتےتھے، جنرل باجوہ کوبتایا جاتا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت غیرمقبول ہوچکی ہےآپ (ن)لیگ سےتوسیع لیں گے تومقبول رہیں گے، میں نےجنرل باجوہ کوبتایا کہ آپ غلط فہمی کا شکارہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کہ پی ٹی آئی کوعروج عدم اعتماد کے بعد ہونے والے فیصلوں کی بدولت ہی ملا، 2018میں بھی پی ٹی آئی سب سےمقبول جماعت تھی، ڈیل کے متعلق سوال کے جواب میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کبھی بھی ڈیل نہیں کریں گے۔