الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان میں 'بنو قابل پروگرام' کا آغاز کر دیا

Published On 07 November,2024 07:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن نے ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے پاکستان بھر میں 'بنو قابل پروگرام' کا آغاز کر دیا۔

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 10 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت دیگر کورسز کروانے کے بعد روزگار میں بھی معاونت کریں گے، ‎آئی ٹی سیکٹر کو ٹیکس فری بنایا جائے، اس شعبے میں نوجوانوں کے لئے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ  بنو قابل پروگرام  کا مقصد ملک بھر سے طلبہ کو آئی ٹی سمیت مختلف کورسز کروانا اور بیروزگاری کا خاتمہ ہے، اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود حکومت نوجوانوں کو تعلیم کی فراہمی میں ناکام ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک و قوم کا اثاثہ ہیں، اسے ضائع ہونے سے بچانے اور قوم کی ترقی کیلئے ہمیں موثر اقدامات کرنا ہوں گے، دو سال میں 10 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت دیگر کورسز کروائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت اور آزاد کشمیر میں 200 سے زائد ٹریننگ سینٹرز قائم کریں گے، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل لے کر چل رہی ہے۔