لاہور: (دنیا نیوز) لاہو رہائیکورٹ نے رہنما تحریک انصاف عمر فاروق کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کیخلاف درخواست پر ایف آئی اور پولیس سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے عامر سعید راں ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ درخواست گزار فیصل آباد سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، درخواست گزار نجی دورے پر ملک سے باہر ہیں، حکومت نے سڑک بلاک کرنے کے الزام میں درخواست گزار کا نام پی سی ایل میں شامل کر دیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ ذکر کیے گئے مقدمہ میں درخواست گزار نامزد ہی نہیں ہے، سڑک بلاک کرنا ایسا بڑا جرم بھی نہیں ہے کہ کسی کا نام پی سی ایل میں شامل کر دیا جائے۔
ایڈووکیٹ عامر سعید راں نے استدعا کی کہ عدالت حکومت کو درخواست گزار ایم این اے کا نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔
بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے ایم این اے عمر فاروق کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر ایف آئی اے اور پولیس کو 10 روز میں جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔