پی ٹی آئی احتجاج، جڑواں شہروں میں تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے

Published On 25 November,2024 09:09 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کے تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔

تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا، اطلاق وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کے تمام تعلیمی اداروں پر ہو گا۔

دوسری جانب ڈی سی مری نے کہا ہے کہ ضلع مری کے بھی تمام تعلیمی ادارے بھی آج بند رہیں گے، تعلیمی اداروں کو موجودہ صورتحال کے پیش نظر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ادھر بہاولپور کی اسلامیہ یونیورسٹی میں آج اور کل ہونے والے پرچے ملتوی کردیئے گئے۔

یونیورسٹی ترجمان کے مطابق ملتوی ہونے والے پرچے اب 2 اور 3 دسمبر کو ہوں گے، یونیورسٹی میں آج اور کل کلاسیں معمول کے مطابق ہوں گی۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے مختلف شہروں سے نکلنے والے تحریک انصاف کے قافلے پنجاب میں داخل ہوگئے ہیں، قافلوں کی اسلام آباد کی جانب پیش قدمی جاری ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کر دیئے گئے ہیں، مختلف علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں متعدد مقامات پر سڑکیں بند ہیں، جڑواں شہروں میں رینجرز، ایف سی، ایلیٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔