لاہور : (دنیانیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نےکہا ہے کہ فسادی اور شرپسند سیاسی تاریخ کا خونی باب لکھ رہے ہیں۔
ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شرپسندوں کی گاڑی سے رینجرز اہلکاروں کو کچل کر شہید کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے ۔
انہوں نے دوران احتجاج 4رینجرز اہلکاروں کو کچل کر شہید کرنے پر شدید رنج ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے کسی کے بیٹے اور بھائی تھے،ظلم کیا گیا ، کیا دوسروں کو مارنا اور زخمی کرناپُرامن احتجاج ہوتا ہے ؟ فسادی اور شرپسند سیاسی تاریخ کا خونی باب لکھ رہے ہیں ۔
یاد رہے کہ سری نگر ہائی وے پرشرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی تھی جس سے 4 رینجرز اہلکار شہید جبکہ 5 رینجرز اور 2 پولیس کے جوان بھی شدید زخمی ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اب تک رینجرز کے 4 جوان شہید اور پولیس کے 2 جوان شہید ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جن میں متعدد شدید زخمی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بھی بلا لیا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جبکہ انتشار پھیلانے والوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دے دیے گئے ہیں۔