تحریک انصاف پاکستان کو بدنام کرنے کی عالمی سازش کا حصہ ہے: شرجیل میمن

Published On 04 December,2024 10:22 am

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کو بدنام کرنے کی عالمی سازش کا حصہ ہے۔

کراچی میں نیب کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک میں انارکی چاہتی ہے، ان کی دشمنی کسی ادارے یا سیاسی جماعت سے نہیں پاکستان سے ہے، یہ انٹرنیشنل لابیز کے ذریعے مہم چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کو بدنام کرنے کی عالمی سازش کا حصہ ہے، ان کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں نعشوں کا جھوٹا بیانیہ بنایا، احتجاج کے لئے خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری وسائل کا استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ جھوٹ کا سارا پروپیگنڈا سوشل میڈیا سے شروع کرتے ہیں، یہ پاکستان کو دنیا میں متنازعہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما صرف بڑھکیں مارتے ہیں، علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی سب سے پہلے میدان چھوڑ کر بھاگ گئے، گنڈاپور کا بیان ریاست سے بغاوت کا پیغام ہے وہ ریاست کے بجائے دہشتگردوں سے لڑیں۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چیلنجز کے باوجود حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر رہی ہے، سندھ میں 10 ہزار افراد کو آئی ٹی کورسز کرائے جا رہے ہیں اور 21 لاکھ بے گھر افراد کو گھر بنا کر دے رہے ہیں، کراچی میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، جن میں اربوں روپے کے 2 بڑے پراجیکٹس شامل ہیں۔