جوڈیشل کمیشن کا ججز تعیناتی کیلئے رولز کی تیاری کو ترجیح دینے کا فیصلہ

Published On 07 December,2024 11:16 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جوڈیشل کمیشن نے ججز تعیناتی کیلئے رولز کی تیاری کو ترجیح دینے کا فیصلہ کر لیا۔

جوڈیشل کمیشن کے اجلاسوں کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں رولز بنانے کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، اٹارنی جنرل، بیرسٹر علی ظفر، فاروق ایچ نائیک اور اختر حسین ایڈووکیٹ کمیٹی میں شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی کو سیکرٹری جوڈیشل کمیشن اور دو ریسرچ افسروں کی خدمات بھی حاصل ہوں گی، 15 دسمبر کو جوڈیشل کمیشن رولز کا مسودہ تیار کر کے ارکان کیساتھ شیئر کیا جائے گا۔

اجلاس میں جسٹس شاہد بلال حسن کو آئینی بنچ کا رکن بنانے کی منظوری بھی دی گئی ہے، کمیشن کے دوسرے اجلاس میں پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کا معاملہ مؤخر کر دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی بھی 21 دسمبر تک موخر کردی گئی، جسٹس عدنان الکریم میمن اور جسٹس آغا فیصل کو سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بنچ کا رکن تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔