اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم سے متعلق متفرق درخواست غیر موثر ہونے کے باعث نمٹا دی۔
الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم سے متعلق کیس کی سماعت میں سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اس معاملے پر سپریم کورٹ کی طرف دیکھنے کے بجائے پارلیمنٹ جائیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں مزید کہا ہے کہ حامد خان صاحب! آپ سینیٹ کی پارلیمانی کمیٹی میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کے معاملے کو اٹھائیں، کیس ختم ہوچکا ہے پھر متفرق درخواست پر سماعت کیسے چلتی رہی؟ آج ہم درستگی کرنا چاہتے ہیں۔
ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں 2018 کے ضمنی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم کا استعمال کیا گیا، اس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں رپورٹ بھی جمع کرادی گئی ہے، اب معاملے کو پارلیمنٹ نے دیکھنا ہے۔
بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم سے متعلق متفرق درخواست غیر موثر ہونے کے باعث نمٹا دی۔