اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف قاہرہ میں آج مصروف دن گزاریں گے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ڈی ایٹ سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے، 11 ویں ڈی ایٹ سمٹ کا تھیم "نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور SMEs کو سپورٹ کرنا، کل کی معیشت کی تشکیل ہے"۔
وزیر اعظم مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر غور و خوض کے لیے غزہ اور لبنان میں انسانی بحران اور تعمیر نو کے چیلنجز پر ڈی ایٹ کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی انڈونیشیا کے صدر، بنگلا دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر، ایران کے صدر، ترکیہ کے صدر اور مصر کے صدر سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ شامل ہیں۔